کاروار 3؍اگست (ایس او نیوز)ٹیکنیکل ایجو کیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے غیر ہنر مند unskilled پارٹ ٹائم ملازمین کو چھٹی دینے کے احکامات جاری ہونے اور اس پر عمل پیرائی کے بعد کاروار سرکاری انجینئرنگ کالج کا کام کاج بہت زیادہ متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
کاروارکے اس سرکاری انجینئرنگ کالج میں پہلے ہی سے اسٹاف کی کمی تھی ۔ اس نئے سرکاری حکم کے بعد یہاں گزشتہ دس برسوں سے بھی زیادہ عرصے سے خدمات انجام دینے والے غیر ہنر مند پارٹ ٹائم ملازمین کو نوکری سے ہٹادیا گیا ہے ۔ اس کے بعدصرف تین اہلکار ہیں جنہیں ایڈمیشن اور دیگر دفتری معاملات سنبھالنا پڑ رہاہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ یہاں انتظامی افراتفری پیدا ہوگئی ہے اور داخلے کے خواہشمند طلبہ کو دن دن بھر قطار میں کھڑے رہناپڑتا ہے۔اس کے بعد بھی کئی طلبہ کو شام کے وقت خالی ہاتھ واپس لوٹتے ہوئے دوسرے دن صبح پھر قطار میں لگنا ہوتا ہے۔لہٰذا طلبہ کے والدین یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ کم ازکم کالج میں طلبہ کے داخلے کا سلسلہ ختم ہونے تک پارٹ ٹائم ملازمین کو کالج میں بحال رکھا جائے۔